ن لیگ ٹمپرنگ مشین ، آڈیو کلپ کی حقیقت سامنے آ گئی، اعتزاز

ن لیگ ٹمپرنگ مشین ، آڈیو کلپ کی حقیقت سامنے آ گئی، اعتزاز

ثاقب نثار نے کبھی عمران خان ، نواز شریف یا مریم کا نام نہیں لیا ہو گا ، یقین ہے رانا شمیم سے نواز شریف نے بیان دلوایا ہوگا، ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممتاز قانون دان بیرسٹر ا عتزاز احسن نے کہا ہے کہ ن لیگ ٹمپرنگ مشین ہے ، آڈیو کلپ کی حقیقت سامنے آ گئی ، آڈیو کلپ کا آدھا جملہ غائب کر دیں تو اس کی حیثیت نہیں رہتی ، ثاقب نثار نے کبھی عمران خان ، نواز شریف یا مریم کا نام نہیں لیا ہو گا،یقین ہے رانا شمیم کو نواز شریف نے کہا ہوگا کہ ایسا بیان دے دیں اور اس نے ٹمپرڈ آڈیو سن کرہی بیان دیا ہوگا ، اس بیان حلفی کی اس وقت کوئی حیثیت نہیں ۔وہ جمعہ کو ایک ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس دوران اعتزاز احسن نے کہا کہ ٹمپرنگ ایسے کی گئی کہ ثاقب نثار نے کبھی خان صاحب کہا ہوگا تو وہ فقرہ لے لیا ، کبھی میاں صاحب کہا ہوگا تو وہ فقرہ لے لیا ، مریم نواز کے لئے بیٹی کا لفظ کسی تقریب سے نکال لیا گیا ہو گا ، جب تک یہ چیزیں عدالت میں پیش نہیں ہوتیں اس آڈیو کی کوئی حیثیت نہیں ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ ارشد ملک پر پریس کانفرنس کو ڈیڑھ سال ہوگیا ۔ ویڈیو عدالت کو نہیں دی گئی ۔ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ سزا فوری ختم ہونی چاہیے لیکن ویڈیو نہیں دی گئی ۔یقین ہے رانا شمیم کو نواز شریف نے کہا ہوگا کہ ایسا بیان دے دیں ۔ لگتا ہے رانا شمیم کو انہوں نے جسٹس (ر) ثاقب نثار کی ٹمپرڈ شدہ آڈیو سنائی ہو گی اور اس نے آڈیو سن کر ہی بیان حلفی دیا ہوگا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں