نسلہ ٹاور گرانے پر احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں
مظاہرین پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج، گلیوں میں دھکیل دیا گیا
کراچی (دنیا نیوز) کراچی کے نسلہ ٹاور کے باہر مظاہرین کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ مظاہرین کامطالبہ ہے کہ نسلہ ٹاور کو گرانے سے رکوایا جائے ۔ نسلہ ٹاور کے باہر سڑک میدان جنگ بن گئی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران دھکم پیل ہوئی اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین نے عمارت گرانے کا کام رکوانے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کے مطابق مظاہرین شارع فیصل بند کرنا چاہتے تھے ۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی گئی، جب کہ مظاہرین نے نعرے بازی کی۔ پولیس اور رینجرز حکام کی جانب سے مظاہرین کو کہا گیا کہ سڑک کوبلاک نہ کریں، جب کہ مظاہرین کوگلیوں میں دھکیل دیا گیا اورانتظامیہ سے پولیس کے اعلیٰ افسران کے مذاکرات جاری ہیں۔ دوسری جانب احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ ایف ٹی سی سے نرسری آنے والی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جب کہ نرسری سے شاہراہ قائدین جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔