بھارتی شہری پاکستان میں زمین الاٹ نہیں کراسکتا، لاہورہائیکورٹ

بھارتی شہری پاکستان میں زمین  الاٹ نہیں کراسکتا، لاہورہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کوئی بھارتی شہری پاکستان میں زمین الاٹ نہیں کرا سکتا

لاہور(کورٹ رپورٹر) بھارتی شہری کو فراڈ سے زمین الاٹ کرانے کے الزام پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد ، عدالت نے بھارتی شہری کے نام دیگر زمینوں کی الاٹمنٹ کی نشاندہی کرکے فوری منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس چودھری محمد اقبال نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر کے الاٹمنٹ منسوخ کرنے کیخلاف بھارتی شہری کی دائر درخواست پر 16صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں لکھا کہ سینئر سول جج لاہور نے بھارتی شہری محمد عمر کے بچوں کو قانونی وارث قرار دے کر سنگین قانونی بلنڈر کیا۔ درخواست گزار کا والد محمد عمر اور قانونی ورثا بھارت کے مستقل رہائشی ہیں، دشمن ملک کے شہری کے قانونی ورثا پاکستان کی کسی عدالت سے وراثت کی ڈگری حاصل نہیں کر سکتے ۔ مزید کہا کہ درخواست گزار کے والد نے پاکستان میں ہجرت نہیں کی، لہذا وہ اس کی تعریف پر پورا نہیں اترتے ، درخواست گزار مختار خاص کے ذریعے بھی پاکستان میں کیس کی پیروی نہیں کر سکتا، انہوں نے غلط بیانی اور فراڈ کے ذریعے پاکستان میں زمین الاٹ کرائی تھی۔ درخواست گزار بھارتی شہری نے جون 2009ء میں فراڈ اور غلط بیانی سے وراثتی ڈگری کے ذریعے 23 کنال 9 مرلے زمین کی الاٹمنٹ حاصل کی۔ فیصلے کے مطابق چیف سیٹلمنٹ کمشنر نے جولائی 2009ء میں فراڈ کا انکشاف ہونے پر الاٹمنٹ منسوخ کی، چیف سیٹلمنٹ کمشنر متروکہ وقف املاک کی اراضی کا محافظ، کسی بھی انکوائری کیلئے دائرہ اختیار استعمال کر سکتا ہے ۔ اپریل 1963ء میں اسی 23 کنال زمین کی الاٹمنٹ جولائی 1964ء میں بھی منسوخ کی جا چکی ہے ۔ درخواست گزار کے والد محمد عمر کو بطور مہاجر 1955ء میں موضع ملکو لاہور کینٹ میں زمین الاٹ ہوئی۔ درخواست گزار کے مطابق محمد عمر کی 2002ء میں وفات تک 23کنال زمین مرحوم کے قبضے میں رہی،ممریز خان نے فراڈ کے ذریعے زمین کا وراثتی انتقال کرایا جو 2004ء میں خارج ہو گیا۔ ادھرجسٹس شاہد کریم کی عدالت نے سموگ پر قابو پانے سے متعلق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردیں،میئر لاہور،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سمیت دیگر افسران یکم دسمبر کو پیش ہوں گے ۔ لاہور ہائیکورٹ میں بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی کاموں کے 8 فیصد سے زائد فنڈزاستعمال پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی،جسٹس شاہد جمیل خان2 دسمبر کو کیس کی سماعت کریں گے ۔ ادھرلاہور ہائیکورٹ میں گیس بحران کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں گیس کی قلت کو فوری دور کرنے کی استدعا کی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں