گیس بحران شدید،نجی صنعتوں کے بجلی گھروں کوسپلائی بند
گھریلوصارفین کیلئے بندش کا شیڈول جاری نہیں کیا،ترجمان سوئی ناردرن کمپنی
لاہور،کراچی،پشاور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،خبرایجنسیاں)ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات میں اضافہ ہوگیا،سندھ میں جنرل انڈسٹریز کے تمام نجی بجلی گھروں کو گیس سپلائی فوری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ لاہور کے متعدد علاقوں میں شہری گھروں میں کھانا بنانے سے محروم رہے ۔ ترجمان سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی بندش کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا، کمپنی کو گیس کی کمی نہیں، طلب کے مطابق گیس فراہم کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں انتظامیہ نے کمپریسر استعمال کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ، لاہور ریجن کی ٹیموں نے اب تک 150 سے زائد کمپریسر پکڑ لئے ۔ کمپریسر کے استعمال پر صارف کا کنکشن ایک ماہ کیلئے بند کردیا جائیگا، دوسری بار کمپریسر کے استعمال پر پوری سردیاں گیس نہیں ملے گی۔ ادھر سندھ اور بلوچستان کے تمام نان ایکسپورٹ جنرل انڈسٹریز کے نجی بجلی گھروں کو گیس سپلائی فوری بند کردی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گیس کا شارٹ فال 610 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔