معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار فراموش نہیں کرسکتے : بزدار

معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار فراموش نہیں کرسکتے : بزدار

سابق حکومتیں اوورسیز پاکستانیوں کو کھوکھلے نعروں سے بہلاتی رہیں، ہم نے یہ حق دیا، مخالفت کا دوغلا پن ، عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار دیار غیر میں بسنے والوں کو ان کا حق واپس کیا گیا:وفد سے گفتگو

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین مخدوم طارق محمودالحسن کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ۔ ماضی کی کسی بھی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کے بارے میں سوچا تک نہیں۔سابق حکومتیں اوورسیز پاکستانیوں کو کھوکھلے نعروں سے بہلاتی رہیں۔اپوزیشن جماعتوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کر کے اپنا دو غلا پن ظاہر کیا ہے ۔ عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار دیار غیر میں بسنے والوں کو ان کا حق واپس کیا گیا ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہیں۔ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار فراموش نہیں کرسکتے ۔ وفد نے وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہو ئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی حکومت ہے ۔آپ کی قیادت میں پنجاب میں اوورسیز پاکستانیو ں کے مسائل کے حل کیلئے حقیقی معنوں میں ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ وفد میں سید قمر رضا، رانا عبدالستار، عمران خلیل، عمر اسحاق او رامتیاز احمد شامل تھے ۔عثمان بزدارنے پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری شاہد چودھری اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباددی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں