مہنگائی : جماعت اسلامی کا یوتھ مارچ، ڈی چوک میں دھرنا : پاکستان 30سال پیچھے چلا گیا : سراج الحق
ملک چلانا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں، عمران اور نواز شریف لندن کے گرائونڈ میں اکٹھے کرکٹ کھیلیں گے ، پارلیمنٹ میں عالمی اسٹیبلشمنٹ ‘ آئی ایم ایف کے ایجنٹ ، ای وی ایم جادوئی مشین مسلط کرنا چاہتے :مظاہرین سے خطاب
اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر،آئی این پی،دنیا نیوز)جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف یوتھ مارچ کرتے ہوئے ڈی چوک پر دھرنا دیا ۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں مہنگائی کے خلاف مارچ اسلام آباد پہنچا،کارکنوں نے ڈی چوک میں لگے خاردارتار اور رکاوٹیں ہٹا دیں اور دھرنا دے دیا۔ڈی چوک پرپولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ۔ سراج الحق نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ تبدیلی سرکار ملک کو 30سال پیچھے لے گئی ۔ نوجوان میرے ملک کا مستقبل ہیں’ ڈگریاں جلانے کی ضرورت نہیں، ظالم ،جابروں اور لوٹ مار کرنے والوں کو جلانے کی ضرورت ہے ، پارلیمنٹ میں عالمی اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایم ایف کے ایجنٹ بیٹھے ہیں،حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لینگے ۔ عمران خان اور نواز شریف دونوں لندن کے کرکٹ گراؤنڈ میں اکٹھے کرکٹ کھیلیں گے ، اگر ادارے چاہتے ہیں ان پر انگلی نہ اٹھے تو وہ بھی سیاست میں مداخلت بند کر دیں اور غیرجانبدار رہیں۔ہم وارننگ دینے آئے ہیں اور بتانے آئے ہیں کہ ملک چلانا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں، ہم دھاندلی نہیں شفاف الیکشن اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام چاہتے ہیں، حکومت نے جادوئی مشین لانے کا فیصلہ کیا ہے ، ای وی ایم پر الیکشن کمیشن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ یہ جادوئی مشین عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن فری بناسکتی ہے ،جماعت اسلامی ووٹ سے ملک میں انقلاب لائے گی،نااہل حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی،بیروزگاری کا تحفہ دیا،نوجوانوں نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کی اصل قوت ہیں، حکومت نے کشمیر کے ساتھ غداری کی،اس وقت ایک نہیں دو پاکستان ہیں جبکہ حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ تبدیلی سرکار ملک کو 30سال پیچھے لے گئی ،پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ صرف اپنی ذات کا سوچتے ہیں۔ پٹرول مافیا نے تین سو پچاس ارب، ایل این جی مافیا نے سو ارب کمالئے اور عوام کا کوئی پرسان حال ہی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی ہونی چاہئے ،حکومت نے پہلے نوجوانوں سے ہاتھ کیا اب اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دینا چاہتی ہے ۔ حکومت ایک کروڑ نوکریاں کیا ایک کروڑ پھلیاں بھی نہیں دے سکتی ، کرپٹ مافیا اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ’کرپٹ حکمرانوں اور کشمیر کا سودا کرنے والوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے ۔ مظاہرے سے میاں محمد اسلم، امیر العظیم، جاوید قصوری، ڈاکٹر طارق سلیم، زبیر گوندل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔