کراچی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
ڈیفنس میں کارسوار نے ڈاکو کوگولی مار دی، جوابی فائرنگ سے والدہ سمیت زخمی ، مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت و دیگر واقعات میں 17 افراد گولیوں کا نشانہ بنے
کراچی (سٹاف رپورٹر) لانڈھی میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہو گیا، جب کہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں 17 افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے لانڈھی نمبر 6 غلہ منڈی کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کر دی اور ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار 48 سالہ حمزہ ولد اللہ ودایو دائیں ران پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کو سندھ گورنمنٹ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال منتقل کیاجا رہا تھا کہ وہ خون زیادہ بہہ جانے کے باعث راستے میں ہی دم توڑ گیا، جب کہ ملزمان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔ شہید اہلکار کی نمازجنازہ رات گئے گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کر دی گئی ہے ، جس کے بعدمیت تدفین کے لیے خیر پور میرس روانہ کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں پولیس اور رینجرز کے اعلی ٰ افسران نے شرکت کی۔ شہید اہلکار سات بچوں کا باپ تھا، سوگواروں میں چار بیٹے ، تین بیٹیاں او ر اہلیہ شامل ہے ، جب کہ غلہ منڈی کے دکان داروں نے بتایا کہ شہید اہلکار نے ملزمان کو دیکھ کر ہوائی فائرنگ کی، جس پر ملزمان نے تین طرف سے فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو موصول ہو گئی ہے ۔ ساتھی اہلکار نے فوٹیج میں ملزمان کو شناخت کر لیا ہے ۔ دوسری جانب اتوار کی شب ڈیفنس میں سن سیٹ بلیوارڈ کے قریب کارسوار نوجوان کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہو گیا، جب کہ ڈاکو کی جوابی فائرنگ سے نوجوان اور اس کی والدہ زخمی ہو گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔