تحریکیں بے جان، معرکہ الیکشن میں ہوگا:تھنک ٹینک

تحریکیں بے جان، معرکہ الیکشن میں ہوگا:تھنک ٹینک

اپوزیشن صرف جلسے کرسکتی،ایازامیر،عوام میں ناامیدی ہے ،سلمان غنی ، سڑکوں سے جمہوریت نہیں آتی،حسن عسکری،پی ڈی ایم ابھی الیکشن نہیں چاہتی،خاور

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں خصوصاً پی ڈی ایم کا مستقبل کیا ہے ؟ استعفوں کے آپشن پر اپوزیشن جماعتوں میں اختلاف کیوں ہے ؟ مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کی صدارت چھوڑنے کی دھمکی کیوں دی ؟ کیا 6 دسمبر کو لانگ مارچ کا فیصلہ ہوپائے گا؟پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے کہا تحریکیں بے جان ہیں،اصل معرکہ الیکشن میں ہوگا۔سینئرتجزیہ کارایازامیرنے کہاہے کہ اپوزیشن صرف جلسے کرسکتی ہے ، سعودی عرب سخت شرائط پر قرض دے رہا ہے ،اس سے روپے کی قدر میں تھوڑا سا استحکام آئے گا۔تحریکوں سے صرف ایوب خان اور بھٹو کی حکومت گئی ،اس کے بعد کلہاڑے چلتے رہے ۔دنیا نیوز کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ عمران خان نے جیسی اپوزیشن کی ویسی حکومت نہیں کرسکے ، عوام میں ناامیدی ہے ،اپوزیشن جمہوری نظام کا حصہ ہے ،اپوزیشن کرنا گناہ نہیں ،اس کا مقصد عوام کیخلاف ہونے والے اقدامات کو روکنا ہوتا ہے ۔گیند اپوزیشن لیڈر کی کورٹ میں ہے ،دیکھتے ہیں وہ 6 دسمبر کو کیا اعلان کرتے ہیں ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ سڑکوں سے جمہوریت نہیں آتی،پاکستان میں سیاسی جماعتیں عوامی مفاد میں سیاست نہیں کرتیں اپنے اپنے گروہی اور جماعتی مفادات کیلئے سیاست کر تی ہیں ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کو ہٹانے کی تمام کوششیں کیں لیکن پذیرائی نہیں ملی ، پی ڈی ایم ابھی الیکشن نہیں چاہتی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں