عمران خان کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا فیصلہ

عمران خان کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا فیصلہ

پہلے مرحلہ پرپنجاب میں تین بڑے عوامی اجتماعات منعقد کئے جائینگے ، مہنگائی کی وجوہات بیان کریں گے ، میگاپراجیکٹس کا اعلان ہوگا :ذرائع

اسلام آباد (طارق عزیز) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز پنجاب سے ہوگا پہلے مرحلہ پر پنجاب میں تین بڑے عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے ، شمالی ، سینٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب میں جلسوں کا شیڈول ترتیب دیا جارہاہے تاریخوں اور شہروں کا نام جلد طے کرلیا جائے گا ،عوامی اجتماعات کامقصد بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور وزیراعظم کا عوام سے براہ راست رابطہ ہے ان جلسوں میں وزیراعظم حکومت کو درپیش مشکلات اور اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں گے ، ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی الیکشن کو مدنظر رکھتے ہوئے خود میدان میں اترنے کافیصلہ کیاہے عوامی رابطہ مہم کا آغاز پنجاب سے ہوگا ، وزیراعظم نے (ن) لیگ کو بلدیاتی انتخابات میں ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی پر مشاورت شروع کردی ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بز دار ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، گورنرپنجاب چودھری سرور ، جنوبی پنجاب سے وفاقی وزیرمخدوم خسرو بختیار ، شمالی پنجاب کے صدر صداقت عباسی کو جلسوں کے انعقاد کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم حکومت کی ساڑھے تین سالہ کارکردگی عالمی حالات کے تناظر میں لیکر عوام کے پاس جائیں گے جس میں وہ مہنگائی کی وجوہات بیان کریں گے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم اس بات سے غیر مطمئن ہیں کہ وفاقی وزرا ، پارٹی عہدیدار تحریک انصاف کی حکومت کا مقدمہ عوام میں درست طور پر نہیں لڑ سکے اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے ہیں ، دوسرے اور تیسرے مرحلہ پر وزیراعظم سندھ ، خیبرپختونخوا اور آخر میں بلوچستان کا بھی دورہ کریں گے ،وزیراعظم چھوٹے صوبوں کی مرکزی حکومت سے شکایات کے تاثر کو ختم کرنے کیلئے عوامی اجتماعات میں میگاپراجیکٹس کا اعلان بھی کریں گے ، بالخصوص کے پی کے اور بلوچستان کے لئے ترقیاتی پیکیج کے اعلانات متوقع ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں