سندھ حکومت کا بلدیاتی نظام مسترد، ناانصافی کیخلاف تحریک چلائینگے : اسد عمر

سندھ حکومت کا بلدیاتی نظام مسترد، ناانصافی کیخلاف تحریک چلائینگے : اسد عمر

نئے نظام میں رہے سہے اختیارات بھی چھین لیے ، وزیراعظم دسمبرمیں کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے افتتاح کریں گے ، ڈیجیٹل نظام سے کراچی میں مردم شماری ہو گی،وفاقی وزیر، خرم شیر زمان، سینیٹر سیف اللہ ودیگر کا ورکرز کنونشن سے خطاب

کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرنے سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ میں جعلی مقامی حکومت کے لیے بلدیاتی نظام کا اعلان کیا گیا ہے جو عوام کے ساتھ دھوکا ہے، نئے بلدیاتی نظام میں رہے سہے اختیارات بھی چھین لیے گئے ۔ کراچی کو اس کا حق دلائیں گے ۔ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ، اس ناانصافی کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان دسمبرمیں کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے گرین لائن کا افتتاح کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف ضلع وسطی کے تحت حیدری میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی، رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون، فہیم خان، خرم شیر زمان، سعید آفریدی، بلال غفار و دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراسدعمرنے کہا کہ عمران خان نے کراچی سے صدر پاکستان اور گورنر سندھ بنایا، کراچی کو دو بڑی وزارتیں اور 14 ایم این اے دئیے ، کراچی کے کارکن نوکری نہ مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی مردم شماری میں دکھائی نہیں دیتی، پچھلی حکومتوں نے 19 سال اور 17 سال کے وقفے سے مردم شماری کرائی تھی، ہم نے اس روایت کو توڑتے ہوئے آئندہ مردم شماری پانچ سال کے وقفے سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کراچی میں مردم شماری ہو گی، جس کے بعد کراچی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا اور کراچی سے ناانصافی ختم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے مقامی حکومت کا نظام عوام کوبااختیار نہیں کرتا، اس کے خلاف تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہے ،عوام کو قانون کے مطابق اختیارات ملنے چاہئیں۔ اسلام آباد میں صحت، تعلیم اور ترقیاتی کام میئر چلائے گا اور دیگر شعبے بھی میئر کے ماتحت ہوں گے ، جب کہ کراچی میں ایسا نظام نہیں ہے ۔ ٹرانسپورٹ،پانی، سڑکیں و دیگر چیزیں میئر کے ماتحت ہونی چاہئیں۔ کراچی کے لوگ بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ کووڈ کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی ہے ۔ پاکستان کے ہر صوبے میں صحت کارڈ دیا گیا، سندھ کے عوام صحت کارڈ سے محروم ہیں،سندھ حکومت اپنا حصہ نہیں ڈال رہی۔ تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان، رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون،فہیم خان، بلال غفار نے کہا کہ کارکنان کو کراچی میں اب الیکشن کی بھرپور تیاری کرنی چاہیے ، ورکر کی محنت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ممکن ہے ۔ پی ٹی آئی عام آدمی کی جماعت ہے ، ہمارا مقصد عام آدمی کو ریلیف دینا ہے ۔ کراچی تحریک انصاف کا ہے ، بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی میدان مارے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں