پہلی ثقافتی پالیسی منظور، صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا ، بزدار

پہلی ثقافتی پالیسی منظور، صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا ، بزدار

فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائیگا،بیروزگار آرٹسٹس کیلئے نئے مواقع پیدا ہونگے ،وزیر ثقافت سے گفتگو ، نچلی سطح پر اختیارات سے عوام کو بااختیار بنائیں گے ، محمود الرشیدسے گفتگو،کرتارپور کے احاطے میں ماڈلنگ کا سخت نوٹس

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021 کی منظوری دے دی گئی۔عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے ملاقات کی۔ خیال احمد کاسترو نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی 2021 پیش کی۔ عثمان بزدار نے ثقافتی پالیسی مرتب کرنے پر خیال احمد کاسترو اور سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی پیش کرنے کا اعزاز پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہوا ہے ۔ثقافتی پالیسی کے تحت فنکاروں کو سوشل سیفٹی نیٹ ورک میں لایا جائے گا۔ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔فنون کے فروغ اور اورنج اکانومی کے ذریعے معیشت کی سپورٹ بھی ثقافتی پالیسی کا حصہ ہیں۔ثقافتی پالیسی کے تحت صوبے میں فلم اکانومی کو فروغ ملے گا اور بیروزگار آرٹسٹس کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ پنجاب میں فلم کی بحالی کیلئے اقدامات ممکن ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ثقافت دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن رہی ہے ۔قدیم ترین مستند 4 ثقافتی ورثے پنجاب میں شامل ہیں۔یونیسکو کے ذریعے مزید 9 ثقافتی مقامات کو کلچرل ہیریٹج میں شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ثقافتی ورثے کے تحفظ سے سیاحتی، معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ فروغ ثقافت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کا فول پروف میکانزم وضع کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادب، ثقافت، تھیٹر اور لوک موسیقی اہل پنجاب کی پہچان ہے ۔فروغ ثقافت کی تحریک میں صنفی مساوات کو مد نظر رکھا جائے گا۔پنجاب میں بصری اور ڈیجیٹل آرٹ کے فروغ کیلئے مربوط کاوشیں کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے ملاقات کی۔محمود الرشید نے عثمان بزدار کومحکمے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ڈی ایم مسترد شدہ اورمایوس عناصر کا غیر فطری اتحاد ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ اپوزیشن کا منفی کردار افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ پروگرام۔اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے گورودوارہ کرتارپور کے احاطے میں ماڈلنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ،چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کر لی ۔ عثمان بزدار نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماڈلنگ کی اجازت دینے والے عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں