بااختیار پارلیمنٹ پر سودے بازی نہیں کرینگے ،زرداری ،بلاول

بااختیار پارلیمنٹ پر سودے بازی نہیں کرینگے ،زرداری ،بلاول

18ویں ترمیم کی حفاظت کرینگے ،غیرجمہوری سوچ کوشکست دینگے ، سابق صدر ، لاڈلہ سازی کاخاتمہ ، حقیقی جمہوریت کوپاؤں جمانے دیئے جائیں، چیئرمین پی پی

اسلام آباد ،لاہور (سٹاف رپورٹر،سیاسی رپورٹر سے )سابق صدر مملکت اورپیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے ۔ یوم تاسیس کے موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور غیرجمہوری سوچ کوشکست دینگے ۔ آصف زرداری نے کہا اسلام ہمارا دین ہے ،سوشلزم ہماری معیشت ہے ،جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں کے منشور کے ساتھ پیپلزپارٹی 54 سال سے جدوجہد کرتی رہی ہے ۔سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک ،آئین اور جمہوریت اس لیے سب سے زیادہ عزیز ہیں ۔ انہوں نے کہا 18ویں آئینی ترمیم کی حفاظت کریں۔چیئرمین پی پی پی بلاول نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے جس کی اساس قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے ، شہید بینظیر بھٹو کے فلسفے اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے ۔ بلاول زرداری نے کہا آج تجدیدِ عہدِ نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی اور عوام کی بہبود و ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے زور دیا کہ وقت آگیا ہے اب پاکستان میںلاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے اور حقیقی جمہوریت کو پاؤ ں جمانے دیئے جائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں