پٹرول بحران : اوگرا قصوروار ہوا تو کارروائی کاحکم دینگے : لاہور ہائیکورٹ

پٹرول بحران : اوگرا قصوروار ہوا تو کارروائی کاحکم دینگے : لاہور ہائیکورٹ

دنیا کی نظریں ہم پر، ادارے مضبوط کرنے ہیں،جسٹس جواد،آئل کمپنیز ،اوگرا افسران کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع ، گیس بحران کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار،بجلی کمپنیز کے سی ای اوز کی تقرری ،میپکو کا جواب جمع،تقرری اشتہار منسوخ

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ نے پٹرول بحران معاملے پر ایف آئی اے کو آئل کمپنیز اور اوگرا افسران کیخلاف تادیبی کارروا ئی سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی، جسٹس جواد حسن نے قرار دیاکہ ضرورت پڑی تو چیئرمین اوگرا کو بھی طلب کریں گے ، ہم نے اداروں کو مضبوط کرنا ہے ،دنیا اور عالمی بینک کی نظریں ہم پر ہیں،اوگرا پٹرول بحران کا قصوروار ہواتو کارروائی کاحکم دیں گے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نجی آئل کمپنیز کی درخواست پر سماعت کی ۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے پٹرول بحران پرایف آئی اے کوکارروائی کاحکم دیا تاہم دو رکنی بینچ نے ایف آئی اے کو آئل کمپنیز کے خلاف کارروائی سے روک دیا لیکن عدالتی فیصلہ پر عمل نہیں کیا گیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو جواب جمع کرانے کاحکم دیدیا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں گیس بحران کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے سردار فرحت منظور خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ، انتظامیہ گیس بحران کو دور کرنے میں ناکام ہوچکی ، عدالت گیس بحران کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے ، جسٹس رسال حسن سید نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی ۔لاہورہائیکورٹ میں لیسکو چیف سمیت بجلی کی کمپنیز کے سی ای اوزکی تقرریوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت ،میپکو کے سیکرٹری نے جواب جمع کرادیا،میپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کا اشتہار منسوخ کردیا گیا ،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہاکہ باقی کمپنیز کے سیکرٹریز بھی خود فیصلہ کرلیں نہیں تو عدالت فیصلہ سنائے گی،عدالت نے 17جنوری تک تمام فریقین جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ادھرلاہور ہائیکورٹ نے نواب اکبر بگٹی کی بیوہ شہزادی نرگس کی درخواست ضمانت پر عبوری ضمانت میں تیرہ دسمبر تک توسیع کر دی، عدالت نے درخواست گزار کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیا۔ایک دوسرے مقدمہ میں لاہور ہائیکورٹ نے جوتیاں بنانے والے مزدور کی بھتہ خوری کے جھوٹے مقدمہ میں ضمانت منظور کرلی۔مبارک علی نے موقف اختیار کیا پولیس نے کھاتہ پورا کرنے کیلئے نام جھوٹے مقدمہ میں شامل کیا،پیسے بھی بٹورے ،الٹا درخواست گزار پر بھتہ خوری کا مقدمہ درج کرلیا، تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ،عدالت ضمانت منظور کرے ، عدالت نے درخواست منظورکرتے ہوئے جھوٹا مقدمہ درج کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں