چینی چندافراد نے مہنگی کی،کرشنگ کے بعدمسئلہ نہیں رہیگا،فخرامام
چاول کی 9ملین ٹن ریکارڈ پیداوارہوئی،برآمدات سے 4.75ارب ڈالرملنے کی توقع ، توقع ہے کپاس کی 8.5 ملین گانٹھوں کا ہدف حاصل ہو جائے گا، پریس کانفرنس
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ چینی کی قیمتیں چند افراد نے بڑھائی ہیں، کرشنگ کا عمل شروع ہونے کے بعد چینی کا ایشو نہیں رہے گا، رواں سیزن کے دوران چاول کی 9 ملین ٹن ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی، پاکستان کے پاس اس مرتبہ 11.5 ملین ٹن چاول کا ذخیرہ موجود ہوگا، رواں سال چاول کی برآمدات سے 4.75 ارب ڈالر حاصل ہونے کے واضح امکانات ہیں، نومبر 2021 کے دوران کپاس کی 6.8 ملین گانٹھیں حاصل ہو ئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 4.1 ملین تھیں، توقع ہے کہ کپاس کی 8.5 ملین گانٹھوں کا ہد ف حاصل ہو جائے گا، رواں سال گنے کی 87 ملین ٹن ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، برآمدات میں اضافے کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر رہے ہیں، چین، کینیا، یو اے ای، افغانستان اور سعودی عرب کو چاول کی زیادہ برآمدات کر رہے ہیں، لاطینی امریکا اور افریقہ میں چاول کی برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔