مریم کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات جلد مکمل ہو جائینگی :فرخ حبیب

مریم کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات جلد مکمل ہو جائینگی :فرخ حبیب

سپورٹس، انٹرٹینمنٹ چینلز کو بھی اشتہارات دیئے جائیں ، چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات

اسلام آباد(نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں )وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے بتایا کہ ماضی میں کچھ خاص میڈیا گروپس کو نوازا گیا۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کس حیثیت میں اشتہارات جاری کرنے یا نہ کرنے کی بات کرسکتی ہیں، مریم صفدر کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آنے کے بعد وزارت اطلاعات معاملے کی انکوائری کر رہی ہے ، کچھ روز تک مریم صفدر کی آڈیو سے متعلق تحقیقات مکمل ہو جائیں گی۔ فرخ حبیب نے کمیٹی کو بتایا کہ اشتہارات کا ڈیٹا بتارہا ہے کہ ایک ٹیلی فون کال میں جن چینلز کوسرکاری اشتہارات دینے سے روکا جارہا تھا ان کو واقعی اشتہارات کم ملے ،ثابت ہوگیا بادشاہ کے بچے بھی بادشاہ ہی ہوتے ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹرفیصل جاوید کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ کچھ چینلز کو ضرورت سے زیادہ اشتہارات ملے تو کسی کو نہ ہونے کے برابر ملے ۔ انہوں نے کہا کہ چینلز کی ریٹنگ کے حساب سے اشتہارات دیئے جاتے ہیں۔ اجلاس میں اشتہارات کیلئے جاری فنڈز کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ کمیٹی کو بتایاگیاکہ کل 9 ارب روپے اس دور میں سرکاری اشتہارات کیلئے جاری کئے گئے ۔چیئرمین کمیٹی سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ اشتہارات میں انٹرٹینمنٹ چینلز کو کچھ نہیں ملا۔کمیٹی کی تجویز ہے کہ جب بھی اشتہارات دیئے جائیں تو سپورٹس اور انٹرٹینمنٹ چینلز کو بھی حصہ دیا جائے ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے اطلاعات تک رسائی کا ترمیمی بل 2020 بغیر کارروائی کے نمٹا دیا۔ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے حوالے سے معاملہ پر ایم ڈی پی ٹی وی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا اینکر نے واقعہ پر معافی مانگی اور کہا کہ وہ شرمندہ ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں