تمام ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات، جلد باہر بیٹھے لوگ بھی واپس آئینگے : عبدالقدوس بزنجو

تمام ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات، جلد باہر بیٹھے لوگ بھی واپس آئینگے : عبدالقدوس بزنجو

جام کمال سے چیزیں خراب ہورہی تھیں ،مسائل حل نہیں ہورہے تھے ، چاہتا ہوں سب کوساتھ لیکرچلوں ، مجھے نہیں لگتا چیئرمین سینیٹ کونکالا جائے گا،لاپتا افراد کا مسئلہ بھی حل ہوگا، نقطہ نظر میں اجمل جامی سے گفتگو

کوئٹہ (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تمام ناراض بلوچ رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات ہونگے ۔جلد باہر بیٹھے لوگ بھی واپس آئینگے ،ہم نے اکٹھے ہوکربلوچستان عوامی پارٹی بنائی،بعد میں پتا چلا بی اے پی سے ’’باپ‘‘بن گیا،جام کمال کوکہا جس طرح آپ معاملات چلارہے ہیں اس طرح صوبہ نہیں چلے گا،کوئی شک نہیں جام کمال محنت بہت کرتے تھے ۔ پروگرام‘‘نقطہ نظر’’میں میزبان اجمل جامی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جام کمال سے چیزیں خراب ہورہی تھیں ،مسائل حل نہیں ہورہے تھے ،جام کمال سے حکومت کے خاتمے پرمعذرت کی،چاہتا ہوں جام کمال سمیت سب کوساتھ لیکرچلوں ،انہوں نے کہا کہ جام کمال کے لگائے گئے افسروں کی کوئی ٹرانسفر،پوسٹنگ نہیں کی،بلوچستان میں پنجاب کی طرح ترقی نہیں ،بلوچستان میں انڈسٹریز،نوکریاں نہیں ملیں،افغانستان بارڈربند ہونے سے لوگوں کا ذریعہ معاش متاثرہوا،کچھ دنوں میں بلوچستان میں حالات بہترہونا شروع ہوجائیں گے ۔ جن کے بھی تحفظات ہو ں ، ان سے مذاکرات کرنے چا ہئیں ۔ جوشخصیات ناراض ہوکرملک سے باہرہیں انہیں صوبے میں لائیں گے ،ان سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے ،پاکستان،بلوچستان کی بہتری کے لیے ایسا کررہے ہیں،اپوزیشن کوبھی ناراض رہنماؤں کے حوالے سے آن بورڈ لیا،اس حوالے سے مجھے اپوزیشن کی بھی سپورٹ حاصل ہے ،اچھا قدم اٹھاؤں گا تواللہ تعالیٰ بھی مدد کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جوچیزیں جام کمال نہیں کرپائے وہ کریں گے ،ہم تبدیلی لائیں گے ،سینیٹ میں کچھ نہیں ہوگا ہم ساتھ ہیں،مجھے نہیں لگتا کہ چیئرمین سینیٹ کونکالا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تمام ناراض بلوچوں کے ساتھ بات چیت ہوگی۔مسنگ پرسن کے حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ میں ایک سیل بنادیا ہے ،کئی لوگ ملک چھوڑکربھی گئے ہیں،ہوم ڈیپارٹمنٹ کوصرف180لاپتا افراد کا پتا چلا ہے ،یہ کوئی ناممکن کام نہیں ہے ، چیزیں بہترہوں گی،لاپتا افراد کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا،ناراض لوگ قومی دھارے میں آجائیں گے توحالات بہترہونا شروع ہوجائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں