امن کیلئے افغانستان پرعالمی اتفاق رائے ضروری:آرمی چیف

امن کیلئے افغانستان پرعالمی اتفاق رائے ضروری:آرمی چیف

بحرین نیشنل گارڈکے چیف آف سٹاف کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن واستحکام کیلئے افغانستان پرعالمی اتفاق رائے ضروری ہے ۔ گزشتہ روز بحرین نیشنل گارڈ کے چیف آف سٹاف میجر جنرل شیخ عبدالعزیز بن سعود الخلیفہ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بحرین کیساتھ روایتی دوطرفہ روابط برقرار رکھنے اور طویل المدت کثیر جہتی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے افغانستان پر عالمی ہم آہنگی اور افغان عوام کی معاشی ترقی کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔ معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ کیلئے خصوصی اقدامات اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں