مہنگائی سے لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے، سبسڈی کا کام تیز کیا جائے: عمران خان

مہنگائی سے لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے، سبسڈی کا کام تیز کیا جائے: عمران خان

وزیر اعظم نے کہا کر پشن اپنا کرے یا کوئی اور بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے :ریاض فتیانہ،عمران خان سے پی اے سی ارکان کی ملاقات ،کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ ، مہنگائی ن لیگ کے کرتوتوں سے ہوئی ،عباسی شماریات کے ساتھ بیٹھ کراعداد و شمار سمجھ لیں،اپوزیشن تھکے پہلوانوں کا اجتماع، کورکمیٹی اجلاس کے بعدفواد کی گفتگو

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی سے لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے ،سبسڈی کا کام تیزکیا جائے ،حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، مہنگائی کی وجہ سے غریب ترین لوگوں کو اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے جمعرات کو احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو پروگرام کے تحت خاندانوں اور کریانہ دکانداروں کے اندراج کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ نے کہا \"جب سے احساس راشن رجسٹریشن ویب پورٹل 9 نومبر 2021 کو کھلا ہے ، اس پورٹل کو 489.96 ملین وزٹ مل چکے ہیں۔ 8171 سروس اور احساس راشن ویب پورٹل کے ذریعے اب تک 6.83 ملین سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا جا چکا ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ملک کے ان 2 کروڑ گھرانوں کو آٹے ، گھی اور دالوں پر ایک ہزار روپے کی ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 50,000روپے سے کم ہے ۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پروگرام 15 دسمبر سے ملک بھر میں شروع کیا جائے گا۔ادھروزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے حکومتی اراکین سے ملاقات کی ،ملاقات میں وزیر اعظم نے اراکین سے کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ لی اور انھیں کمیٹی کی ورکنگ کو بہتر بنانے اور اس کے کردار کی مضبوطی کے لیے تجاویز بھی دیں ۔ ملاقات کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی اور پی اے سی کے رکن ریاض فتیانہ نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات بہت اچھی رہی ، یہ ملاقات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں کمیٹی کے کردار کو موثر بنانے کے لیے ان کی جانب سے تجاویز دی گئیں اور یہ ہدایت کی گئی کہ ممبران تیاری کے ساتھ کمیٹی کے اجلاسوں میں شریک ہوں ، انھوں نے کہا کہ ہم نے بھی اس حوالے سے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کی اور انھیں کمیٹی کی ورکنگ اور اس کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور پی اے سی کی ورکنگ میں بہتری کے لیے اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح طور پر کہا کہ کرپشن کے خلاف میرا ایک موقف ہے کہ یہ بلاامتیاز او ر بلا تفریق ہونا چاہیے ، کرپشن اپنا کرے یا کوئی اور اس میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے ، آپ بلا تفریق کرپشن کو سامنے لائیں ، بلاامتیاز احتساب جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عوام کے ٹیکس کے پیسے کا محافظ فورم ہے لیکن اس میں کرپشن کی نشاندہی کے موثر نتائج سامنے نہیں آئے ،ممبران پی اے سی کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ،کر پشن اپنا کرے یا کوئی اور کرپشن کرپشن ہے اور وہ بلاامتیاز اور بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتے ہیں جو جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہے ۔ دوسری طرف تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے کور کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی مہنگائی کا ورد کر رہے ہیں، آج مہنگائی ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے دور میں پالیسیاں بہتر رکھتے تو آج ہمیں بیرون دنیا پر انحصار نہ کرنا پڑتا، شاہد خاقان عباسی کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان بیورو آف شماریات کے ساتھ بیٹھ جائیں اور اعداد و شمار کا نظام سمجھ لیں، انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے اکثر لوگ اخبار ہی نہیں پڑھتے ، اس لئے انہیں سمجھ نہیں، یہ تھکے ہوئے پہلوانوں کا اجتماع ہے ، ان کاکہنا تھا پنجاب کے بلدیاتی الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے ، پنجاب حکومت نے قانون میں پہلے ہی ترمیم کر دی ، الیکشن کمیشن درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ، ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل سے معلوم ہوگا کہ کس طرح ہم نے ای وی ایم پر الیکشن کروانا ہے ، ای وی ایم پر الیکشن کرانے کے حوالے سے جو بھی مدد درکار ہوئی حکومت فراہم کرے گی، میڈیا میں مہنگے الیکشن کا تاثر غلط ہے ، ای وی ایم پر الیکشن کی لاگت عمومی الیکشن پر آنے والی لاگت کے برابر ہوگی،ای وی ایم بار بار خریدنا نہیں پڑے گی، الیکشن کا عمل مزید سستا ہو جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں