شوٹنگ کے مقابلے ، آرمی چیف نے ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے

شوٹنگ کے مقابلے ، آرمی چیف نے ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے

فوج، نیوی، فضائیہ ، سول آرمی فورسز بشمول رینجرز ، فرنٹیئر کور بھی مقابلے میں شریک ، اعلیٰ ترین اعزاز ’’ماسٹر آف آرمز ٹرافی‘‘نشانے باز لانس حوالدار ارشد صدیق کو پیش

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم گیریژن میں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 41ویں مرکزی سیشن کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔شوٹنگ کے مقابلوں کی یہ بڑی تقریب آرمی مارک مین شپ یونٹ میں 26 اکتوبر سے یکم دسمبر 2021 تک جاری رہی ، جس میں 2500 سے زائد نشانہ باز شریک ہوئے ، جن میں فوج، نیوی، فضائیہ ، سول آرمی فورسز بشمول رینجرز ، فرنٹیئرکور اور ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے علاوہ عام شہری بھی مقابلے میں شریک ہوئے ، جس میں مختلف رینج اور اقسام کے ہتھیاروں پرمشتمل کئی مقابلے ہوئے ۔ آرمی چیف نے ہر شوٹنگ کیٹیگری جیتنے والوں اور رنرز اپ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے ۔ انٹر فارمیشن مقابلے میں ملتان کور اوّل جبکہ منگلا کور دوسرے نمبر پر رہی۔ سول آرمڈ فورسز کیٹیگری میں پنجاب رینجرز نے ٹرافی جیتی جبکہ گلگت بلتستان سکاؤٹس رنر اپ رہے ۔ انٹر سروسز مقابلوں میں پاک فوج نے چاروں مقابلے جیتے ، جس میں چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف مقابلے شامل تھے ۔ چیف آف آرمی سٹاف مقابلے میں پاک فضائیہ رنر اپ رہی جبکہ پاک نیوی نے چیف آف نیول مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پاک فوج نے اوپن نیشنل مقابلوں میں شاٹ گن، لانگ رینج اور سمال بور ٹرافیاں جیتیں۔ پاک فوج نے وزیراعظم ‘‘سکلز ایٹ آرمز ’’بگ بور نیشنل چیلنج بھی جیتا جبکہ پاک نیوی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سب سے بڑا ملٹری شوٹنگ اعزاز ‘‘دی ماسٹر آف آرمز ’’ ٹرافی 12 پنجاب رجمنٹ کے لانس حوالدار ارشد صدیق نے حاصل کی۔ پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی آرمی مارک مین شپ یونٹ کے حوالدار جعفر حسین نے حاصل کی۔ وزیراعظم ‘‘سکلز ایٹ آرمز ’’بگ بور نیشنل چیلنج مقابلہ پاک فوج نے جیتا۔ بیسٹ شوٹ میچ ٹرافی لانس ذوالفقار خان کو دی گئی۔ آرمی چیف نے شوٹنگ کا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ‘‘ماسٹر آف آرمز ٹرافی’’پاک فوج کے بہترین نشانے باز لانس حوالدار ارشد صدیق کو پیش کی۔اس موقع پر شرکا سے خطاب میں آرمی چیف نے شوٹرز کی نشانہ بازی کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے نشانہ بازی کو ایک پیشہ ور فوجی کا امتیازی نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت کا حصول فوجی تربیت کے بنیادی مقاصد کا اہم حصہ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں