بیلاروس سے تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں :آرمی چیف
جنرل قمر باجوہ سے سفیر کی ملاقات، افغان صورتحال، علاقائی سلامتی پر گفتگو
راولپنڈی (اے پی پی،دنیا نیوز)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لئے آسان ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بیلا روس کے سفیر اینڈری میٹلسٹا سے جی ایچ کیو میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال، انسانی بنیادوں پر امداد میں تعاون ، شراکت داری ، علاقائی سلامتی ، دفاعی تعاون میں صلاحیتوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان بیلا روس کے علاقائی اور عالمی امور میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں کردار ،افغانستان کی صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ کے لئے خصوصی کاوشوں پر پاکستان کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر شعبہ میں سفارتی تعلقات میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔