بوسٹر ڈوزویکسی نیشن کے 6ماہ بعدلگے گی :این سی اوسی
کورونا سے 8جاں بحق ،391نئے مریض،مثبت کیسز کی شرح0.84فیصد ، پنجاب میں ویکسی نیشن مہم ریچ ایوری ڈورکا دوسرا مرحلہ ، 36سیکرٹریز کی ڈیوٹیاں
لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے نامہ نگار سے ،این این آئی ) این سی او سی نے بوسٹر ویکسین کے لیے عبوری گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ جس کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے افراد اورہیلتھ کیئر ورکرز کو بوسٹر ویکسین لگائی جائے گی۔بوسٹر شاٹ پہلی ویکسی نیشن کی تکمیل کے 6 ماہ بعد اور کورونا سے صحتیابی کے 28 دن بعد لگے گا۔ بوسٹرسائنوفارم، سائنو ویک، فائزر اور موڈرنا ویکسین کے لگائے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں پنجاب میں ویکسی نیشن مہم ریچ ایوری ڈورکے دوسرا مرحلہ کیلئے 36سیکرٹریز کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں ۔دوسرے مرحلے میں 2کروڑ67لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید کو ضلع لاہور جبکہ سیکرٹری بلدیات نورالمین مینگل کو قصور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔این سی او سی نے بوسٹرشاٹ لگانے کیلئے گائیڈلائن جاری کر دی ہیں،دوسری جانب کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 753 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار 22 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 391 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 457 نئے ٹیسٹ کئے گئے ، کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح0.84فیصد رہی ۔ پنجاب میں 70نئے کیسز، لاہور سے کورونا کے 43، راولپنڈی سے 11، فیصل آباد سے 5 اور سرگودھا سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔