سربیا :پاکستانی سفارتخانے سے مہنگائی کیخلاف ٹویٹ،گانا شیئر
3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، بچے سکولوں سے خارج، یہ ہے نیا پاکستان؟ ٹویٹس ، پیغامات پاکستانی سفارتخانے کے نہیں ،اکاؤنٹس ہیک ہو گئے ،دفترخارجہ ، ڈھاکا میں پاکستانی مشن کا خط بھی منظرعام پرآگیا، مزید فنڈزفراہمی کامطالبہ
اسلام آباد(وقائع نگار، دنیا نیوز، خبرایجنسیاں) دفتر خارجہ نے سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مہنگائی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف وزیر اعظم پر تنقیدی ٹوئٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں اور ان اکاؤنٹس سے پوسٹ کیے گئے پیغامات سفارتخانے کے نہیں ہیں۔قبل ازیں یورپی ملک سربیا میں پاکستان کے سفارتخانے نے 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پراحتجاج کیا ہے ۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے تصدیق شدہ ٹوئٹراکاؤنٹ سے کئے گئے ٹو یٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی سارے ریکارڈ توڑ رہی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان آپ کیا توقع رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے ۔ فیسوں کی عدم ادائیگی پرہمارے بچے سکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔ کیا یہ ہے نیا پاکستان؟۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے گلوکار سعد علوی کا طنزیہ گانا آپ نے گھبرانا نہیں ہے بھی ٹوئٹ کیا گیا۔وزیراعظم کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹرارسلان خالد نے ٹویٹ میں کہا کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا ٹوئٹراکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ، وزارت خارجہ انکوائری کررہی ہے ۔ ادھر فنڈز کی کمی سے متعلق ڈھاکا میں پاکستانی مشن کا خط بھی منظر عام پر آگیا ، پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکا کے ہیڈ آف چانسری جہانزیب خان نے وزارت خارجہ اسلام آباد کو فنڈز کی کمی کے حوالے سے خط ارسال کیا ہے ، خط کے متن میں کہاگیا ہے کہ ہائی کمیشن کے پاس فنڈز نہ ہونے پر بچوں کی سکول فیس ادا نہیں کی جا سکی ہے ۔ ہائی کمیشن میں کام کرنے والے ملازمین کے مسائل سنجیدہ نوعیت تک بڑھ چکے ہیں ۔ ہائی کمیشن کو مسائل سے نکلنے کے لئے ایک کروڑ 6 لاکھ روپے جلد مہیا کیے جائیں ۔