ڈالر 179 کے قریب، سونا بھی مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار

ڈالر 179 کے قریب، سونا بھی مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار

انٹر بینک میں ڈالر 34 پیسے مہنگا ہو کر 176.76، مارکیٹ میں 90 پیسے اضافے سے 178.70 روپے پر جا پہنچا ، سونا ایک لاکھ 24 ہزار تولہ کی بلند سطح پر، معاشی منفی خبروں پر سرمایہ کار پریشان، مزید 4 ارب سے زائد ڈوب گئے

کراچی (بزنس رپورٹر)ملکی مبادلہ مارکیٹوں میں روپیہ بدترین گراوٹ کا شکار ہے ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، انٹربینک میں ڈالر 177 سے صرف 24 پیسے ، جب کہ اوپن مارکیٹ میں 179 سے 30 پیسے کی دوری پر ہے ۔ ادھر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونامزید 350 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 24 ہزار سونا تولہ ہو گیا، جب کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کوبھی مندی کے بادل چھائے رہے ۔ انٹر بینک میں ڈالر 34 پیسے مہنگا ہو کر 176.42 روپے سے بڑھ کر 176.76 روپے کا ہو گیا، اسی طرح 90 پیسے کے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 177.80 روپے سے بڑھ کر 178.70 روپے پرجاپہنچا۔ یورو کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ہوا، جس سے یورو 201 روپے کا ہو گیا، تاہم برطانوی پاؤنڈ 236 روپے پر مستحکم رہا۔علاوہ ازیں سٹاک مارکیٹ گزشتہ روز بھی مندی کے حصار سے نکلنے میں ناکام رہی ۔ سٹاک ماہرین کے مطابق ملک کی معاشی صورت حال میں ابتری کی خبروں پر سرمایہ کارتذبذب کا شکار ہیں، جب کہ منی بجٹ کی متوقع آمد سے بھی نئی سرمایہ کاری دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ جمعہ کو کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 1.32پوائنٹس کی کمی سے 43232.83پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح آل شیئرز انڈیکس 29628پوائنٹس سے کم ہو کر 29611 پوائنٹس پر بند ہوا، تاہم 20.28 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 16718.24پوائنٹس پر بند ہوا ،اس دوران سرمایہ کاروں کو 4 ارب سے زائد کا خسارہ ہوا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 74 کھرب 14 ارب روپے رہ گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں