نیب افسران انسدادکرپشن کیلئے کوششیں دوگناکردیں:چیئرمین

نیب افسران انسدادکرپشن کیلئے کوششیں دوگناکردیں:چیئرمین

چارسال میں احتساب عدالتوں نے 1194ملزمان کوسزاسنائی:جاویداقبال

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر)جاویداقبال نے کہا ہے کہ نیب تاریخ میں پہلی بار ان ا فراد کوقانون کے کٹہرے میں لایا ہے جن کو ماضی میں کوئی پوچھ بھی نہیں سکتا تھا، نیب کی چار سال کے دوران موثر پیروی کے ذریعے احتساب عدالتوں نے 1194 ملزموں کو سزا سنائی ،وہ نیب کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ، انہو ں نے کہا نیب منی لانڈرنگ ، جعلی اکائونٹس ، آمدن سے زائداثاثوں، عوام سے بڑے پیمانے پر لوٹ مار، جعلی ہائوسنگ /کوآپریٹو سوسائٹیز اور مضاربہ /مشارقہ کے میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہاہے ، 179 میگاکرپشن کیسز میں سے 66 کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا جبکہ 93 میگاکرپشن کیسز متعلقہ احتساب کورٹس میں زیرسماعت ہیں،انہوں نے کہا بدعنوانی تمام مسائل کی جڑ ہے جس سے نہ صرف معاشرے کی سماجی و معاشی ترقی متاثر ہوتی ہے بلکہ دنیا بھر کے ممالک متاثرہوتے ہیں ، نیب مقدمات میں سزا کی شرح 66.8 فیصد ہے ۔ چیئرمین نے تمام نیب افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ ملک کو کرپشن فری بنانے کے لئے اپنی کوششیں دوگنا کریں، بدعنوانی کا خاتمہ ہماراقومی فرض ہے جس کے لئے نیب کے تمام افسران عزم ، میرٹ ، محنت اورشفافیت کے ذریعے عمل پیرا ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں