نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے خود گھبراگئے:نواز شریف
نااہلوں نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا ،ان سے نجات دلانی ہوگی ، حالات بدلنے والے ہیں، تنظیمی اجلاس، چودھری عبد الحمید کی برسی پر خطاب
لاہور،سرگودھا ( اپنے سیاسی رپورٹر سے ،صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ لوگوں کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے خود بھی گھبراگئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں پنجاب کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہم نے اپنے دور میں کتنے بڑے منصوبے مکمل کیے آج انہوں نے ملک کا کیا حشر کردیا ہے ،آٹا ،دال،چینی ،ادویات لوگ خرید نہیں سکتے ۔دریں اثنا سرگودھا سے سابق رکن قومی اسمبلی چودھری عبد الحمید کی10 ویں برسی پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا نااہلوں نے عوام کو مہنگائی کی دلدل میں پھنسا دیا،ملک میں حکومت نامی کوئی شے نہیں ، جلد اس حکومت سے عوام کو نجات دلانی ہوگی، حالات بدلنے والے ہیں۔