وفاقی حکومت کی نااہلی سے صنعتیں بد حالی کا شکار، وزیر صنعت سندھ

وفاقی حکومت کی نااہلی سے صنعتیں بد حالی کا شکار، وزیر صنعت سندھ

سندھ کو اس کے حصے کی گیس فراہم کی جائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے ، جام اکرام اللہ دھاریجو کا تاجروں کے وفد کے ساتھ اجلاس، پریس کانفرنس

کراچی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سندھ کی صنعتیں گیس بندش کی وجہ سے بد حالی کا شکار ہیں ،سندھ کو اس کے حصے کی گیس فراہم کی جائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجر برادری کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس و پریس کانفرنس میں تاجر برادری کے نمائندے زبیر موتی والا، سلیم پاریکھ و دیگرموجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ صنعتی زونز کو گیس کی بندش کا سامنا ہے ۔ سندھ کو اس کے حصے کی گیس دی جائے ۔ صنعتی زونز میں سیوریج، پانی، انفرااسٹرکچر اور دیگر مسائل حل کیے جا رہے ہیں، جب کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مارکیٹوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تاجر برادری تعاون کرے ۔ اجلاس میں تاجر برادری کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تاجروں کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ سے بھی بات کریں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں