اعظم سواتی نے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

اعظم سواتی نے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

وزیر ریلوے کو پیش ہوکر معافی مانگنی پڑے گی،ممبر سندھ ،22دسمبر کو طلب ، فواد کے معافی نامے پر مناسب حکم جاری کریں گے ،نثار درانی کے ریمارکس

اسلام آباد(وقا ئع نگار)وزیر ریلوے اعظم سواتی نے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی، ممبر سندھ نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ تمام اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے ، اعظم سواتی کو پیش ہوکر معافی مانگنی پڑے گی،کمیشن نے اعظم سواتی کو 22 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیاجبکہ فواد چودھری کے تحریری معافی نامے پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ فواد کے معافی نامے پر مناسب حکم جاری کریں گے ۔ الیکشن کمیشن پر الزامات کے حوالے سے وزیر ریلوے اعظم سواتی کے خلاف تین رکنی الیکشن کمیشن نے سماعت کی،اعظم سواتی کے وکیل کا کہنا تھاکہ آئینی ادارے کیخلاف اگر کوئی غلطی ہو جائے تو معذرت کرنی چاہیے ، کمیشن نے وکیل سے سوال کیااعظم سواتی کہاں ہیں؟ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کے آج پیش نہ ہونے کی استثنٰی کی درخواست دیتے ہوئے کہاوہ یہاں نہیں ہیں اس لئے میں پیش ہوا ہوں،بیرسٹر علی ظفر نے تحریری معافی نامہ پڑھ کرسنایا،معافی نامے میں اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہمیشہ الیکشن کمیشن کو طاقتور بنانے کی کوشش کی، میری کسی بات سے دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں،ممبر سندھ نثار درانی نے ریمارکس دیئے کہ آج کیلئے حاضری سے استثنیٰ دے رہے ہیں،اعظم سواتی کے وکیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی اونچ نیچ ہوجائے تو ہر شہری کو معذرت کرنی چا ہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں