خصوصی افراد کا خیال رکھنا معاشرے کی ذمہ داری :صدر

خصوصی افراد کا خیال رکھنا  معاشرے کی ذمہ داری :صدر

صدر عارف علوی نے خصوصی افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ان کے لیے خصوصی کوششیں کرے اور ان کو سہولیات فراہم کرے

اسلام آباد(صباح نیوز) ایسے افراد کو مالی طور پر خودمختار بنانے اور اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے ہنر اور تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، احساس پروگرام میں 4 لاکھ خصوصی افراد کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے ایوان صدر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے حوالے سے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا، خصوصی بچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونا چاہیے ، خصوصی افراد کی چار اقسام ہیں، ان میں سماعت، بصارت، عام جسمانی معذوری اور ذہنی معذوری شامل ہیں، سماعت، بصارت اور عام جسمانی معذور افراد دیگر شہریوں کے برابر ذہین ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادکے معاملات پر معاشرے میں گفتگو ہونی چاہیے ،خصوصی بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا، ہر سکول میں خصوصی بچوں کے لیے اساتذہ موجود ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سماعت سے محروم افراد ریسٹورنٹ چلا رہے ہیں، این جی اوز خصوصی افراد کو تربیت فراہم کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں