سیالکوٹ واقعہ: مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائیگا: بزدار

سیالکوٹ واقعہ: مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائیگا: بزدار

ملزم انسان کہلانے کے حقدار نہیں ، انصاف ہوتا نظر آئیگا، ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا :وزیر اعلیٰ ، ملتان میں احساس بازار قائم کر دیا گیا، غریب افراد کو کپڑے ، جرسیاں،سوئٹر،جیکٹس دی جائیں گی

لاہور (سپیشل رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کوجلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے اور اس دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے ۔ ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں ۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائیگا ،ملزم عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے ،انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا،درندگی کامظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملزموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اسلام امن اور آشتی کا دین ہے اوردین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ۔سری لنکا کی حکومت اور عوام خصوصاً جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور انصاف ہوگا۔افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔بربریت کے اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ۔حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ذمہ داروں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے ۔شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مستحق افراد کے لئے \"احساس بازار\" قائم کردیا گیا ۔\"احساس بازار\"میں مستحق افراد کو گرم کپڑے ، جرسیاں،سویٹر،جیکٹس اورجوتے دئیے جائیں گے ۔\"احساس بازار\" میں مستحق افراد کی سہولت کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیاہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے \"احساس بازار\" کے قیام پر انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے \"احساس بازار\" جیسے فلاحی اقدام کا دائرہ کار دیگر شہروں میں بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ \"احساس بازار\" کا قیام مستحق افراد کی مدد کے لئے احسن اقدام ہے ۔غریب افراد کو ریلیف دینے کیلئے \"احساس بازار\" کا قیام بہترین کاوش ہے ۔وزیر اعلیٰ بزدارنے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے قدرتی آفات میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی مددکرتے ہیں۔ رضاکاروں کے جذبے سچے اور مقاصد نیک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ والنٹیئرزرنگ ونسل سے بالاتر ہو کر مشکل حالات میں لوگوں کے کام آتے ہیں۔رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے والی تنظیموں، اداروں اور افراد کا کردار معاشرے کیلئے مثالی حیثیت رکھتاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں