نیوز الرٹ
  • بریکنگ :- دیسی ساختہ سرنگیں بنانےکاسامان بھی برآمد،آئی ایس پی آر
  • بریکنگ :- سکیورٹی فورسزکاجنوبی وزیرستان کےعلاقےسروکئی میں آپریشن،آئی ایس پی آر
  • بریکنگ :- آپریشن کےدوران دہشتگردوں کےٹھکانےسےاسلحہ اوربارودبرآمد،آئی ایس پی آر
  • بریکنگ :- سب مشین گن،آرپی جی 7،دستی بم اورمختلف قسم کااسلحہ برآمد،آئی ایس پی آر
Coronavirus Updates

احسن اقبال، فضل الرحمن، مصطفی نواز جیسی قیادت انتہاپسندی سے نمٹنا چاہتی : فواد

احسن اقبال، فضل الرحمن، مصطفی نواز جیسی قیادت انتہاپسندی  سے نمٹنا چاہتی : فواد

سیاست تب ہوگی جب امن وامان ہوگا ، انتہاپسندی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں،سیالکوٹ واقعہ پرپوری قوم متحد ، کھیل کے ذریعے نوجوان نسل کو درست سمت میں گامزن کرسکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ پر پوری قوم متحد ہے ، انتہاپسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں، تمام سیاسی رہنما انتہاپسندی کی حساسیت سے آگاہ ہیں، سری لنکا کے شہری کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس پر ہر پاکستانی کا سرشرم سے جھک گیا ہے ، پاکستان ایک پروگریسو ملک ہے ، ہمارے ادارے اور جمہوریت مضبوط ہیں، سیاست تب ہوگی جب ہمارے ہاں امن و امان ہوگا، سیاست اور جمہوریت کے لئے امن ضروری ہے ، حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے نوجوانوں کے پیچھے کھڑی ہے ، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو ایک شاندار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہے جس میں 6 ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان مشعل جلا کر اس پروگرام کا آغاز کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں معتدل مزاج کے لوگ شامل ہیں، یہی لوگ پاکستان کے آگے بڑھنے کی امید ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کی قیادت کو ٹیلیفون کر کے سانحہ سیالکوٹ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اسکے علاوہ پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت نے بھی اس سانحہ پر ردعمل کا اظہار کیا کہ بحیثیت قوم ہم انتہاپسندی سے نمٹنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا احسن اقبال، مصطفی نواز، مولانا فضل الرحمن کے سانحہ سیالکوٹ پر ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے ہاں ایسی سیاسی لیڈر شپ موجود ہے جسے اس خطرے کا احساس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت یہ شاندار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہے ۔ اس ایونٹ سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ہی واحد راستہ ہے جس سے ہم اپنی نوجوان نسل کو صحیح سمت میں گامزن کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement