چونیاں:ڈاکٹرزکی غفلت ، زچہ وبچہ جاں بحق، ورثا کا احتجاج
ایک بچے کی ولادت کے بعد ڈاکٹرز نے 8گھنٹے فوزیہ کو بے یارومددگارچھوڑدیا ، لاہور منتقل کرتے ہوئے دونوں دم توڑگئے ،وزیراعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ
چونیاں(تحصیل رپورٹر) محکمہ صحت کے اصلاح کے دعوے بے سود، تحصیل ہسپتال کے ڈاکٹرز،عملے کی غفلت سے زچہ ، بچہ جاں بحق ہوگیا،ورثا کا شدیداحتجاج ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں ڈھوس کی رہائشی فوزیہ بی بی کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع تھی ، ایک بچے کی پیدائش کے بعد ڈاکٹرز اور عملہ نے 8گھنٹے تک خاتون کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ،خاتون تکلیف میں تڑپتی رہی بعدازاں لاہور ریفر کردیا ،عملے کی لاپرواہی سے خاتون بچے سمیت ایمبولینس میں ہی دم توڑ گئی۔ ورثا کے مطابق فی میل ڈاکٹر، دیگر عملہ کے ساتھ خوش گپیوں اور موبائلز میں مصروف رہی ،جس کے باعث زچہ وبچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ، متاثرہ خاتون کے والد اور خاوند نصیر احمد نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،وزیر صحت پنجاب سے فوری نوٹس اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔