سیالکوٹ:فیکٹریوں میں نئے ایس او پیزوضع کرنیکا فیصلہ

سیالکوٹ:فیکٹریوں میں نئے ایس او پیزوضع کرنیکا فیصلہ

غیر ملکیوں کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات، سکیورٹی گارڈز کو تربیت دی جائے گی ، مغربی ممالک میں واقعے کی وضاحت کیسے کرینگے ، داغ دھونے میں وقت لگے گا،تاجر

سیالکوٹ (این این آئی)سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے فیکٹریوں میں پروڈکشن آپریشنز کے لیے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز)وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں سری لنکن فیکٹری منیجر کے قتل جیسے المناک واقعے سے بچا جا سکے ۔ غیر ملکی شہریوں پر مشتمل عملے والی برآمد کنندہ کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈز کو مستقبل میں ایسی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی جائے ۔سیالکوٹ میں منعقدہ اجلاس میں شریک تاجر رہنما فکر مند تھے کہ وہ دنیا بھر بالخصوص مغربی ممالک میں اپنے غیر ملکی صارفین کے سامنے سری لنکن منیجرکے قتل کے واقعے کی وضاحت کیسے کریں گے ۔ایس سی سی آئی کے صدر عمران اکبر نے کہاکہ سیالکوٹ کی برآمدی صنعت پر واقعے سے لگنے والے داغوں کو بھرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیکٹری ورکرز کی کونسلنگ کے لیے مذہبی دانشوروں اور علمائے کرام کے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا جس میں انہیں انسانی زندگی اور اسلام کی تعلیمات کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔ کچھ کاروباری افراد نے چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو تجویز دی ہے کہ فیکٹریوں، کام کی جگہوں اور دفاتر میں کسی قسم کا مذہبی مواد چسپاں نہ کرنے دیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جاسکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں