پی این ایس عالمگیر کا سینی گال کا دورہ ،دوطرفہ مشق کاانعقاد

 پی این ایس عالمگیر کا سینی گال کا دورہ ،دوطرفہ مشق کاانعقاد

مشن کمانڈر نے سینی گال کے وزیر دفاع،نیول اور ایئر چیفس سے ملاقاتیں کیں ، ڈاکار شہر میں پاک بحریہ کا مفت طبی کیمپ،2 ہزار سے زائد مریضوں نے فائدہ اٹھایا

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے ڈاکار سینی گال کا دورہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر مفت طبی کیمپ لگایا۔ بندر گاہ آمد پر سینی گال کی وزارت صحت ،نیول حکام اور پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ سینی گال کے وزیر دفاع،نیول اور ایئر چیف سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے نیول چیف کی جانب سے سینی گال کے عوام بالخصوص بحریہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایاجبکہ پاک بحریہ کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت ڈاکار شہر میں مفت طبی کیمپ لگایا گیاجس میں پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی خصوصی ٹیم نے 2000 سے زائد مریضوں کامعائنہ کرکے ادویات فراہم کیں۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے سینی گال بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق کا انعقاد بھی کیا جس سے دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں