بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش وبرفباری
آج بھی بارش کا امکان،پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ ،دھند متوقع
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز جڑواں شہروں سمیت بالائی پنجاب، کشمیر،گلگت بلتستان اوربالائی خیبر پختو نخوا اورشمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ پنجاب میں راولپنڈی،جہلم، چکوال،مری،گولڑہ میں بھی بادل برسے ۔ آج پیر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح /رات کے اوقات میں سموگ / دھند کی شدت میں اضافے کی توقع ہے ۔ تاہم گلگت بلتستان ،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے ۔ اتوار کے روز کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی6،گوپس،سکردو،زیارت منفی4، گلگت منفی2، استور، کالام اور قلات میں صفر ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔