پریانتھا ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتے تھے ، بھائی

پریانتھا ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتے تھے ، بھائی

پریانتھا خوش اخلاقی سے ملتے ، جھگڑنے والے انسان نہیں تھے ، محلے دار

سیالکوٹ، کولمبو(خبرایجنسیاں)سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کے بھائی نے قتل سے متعلق ہونے والی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پریانتھا کے بھائی سری شانتا کمارا کا کہنا تھا کہ انھیں سیالکوٹ واقعے پر کی جانے والی تحقیقات پر اطمینان ہے ۔ وزیراعظم عمران خان اس معاملے پر درست سمت میں تحقیقات کروا رہے ہیں۔پریانتھا کے بھائی کا کہنا تھا کہ بھائی ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتے تھے ، ان سے کبھی پاکستان کے خلاف کوئی شکایت نہیں سنی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے باعث پریانتھا کی اہلیہ اب تک صدمے سے نہیں نکل سکی جبکہ والدہ کو بھائی کے قتل سے اب تک آگاہ نہیں کیا ۔ ادھرپریانتھا کے محلے دار رمضان نے بتایا کہ پریانتھا خوش اخلاقی سے ملتے تھے ، وہ جھگڑا کرنے والے انسان نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ پریانتھا سے صبح واک کرتے وقت ملاقات ہوتی تھی، وہ ایک اچھے انسان تھے ۔ انکا کہنا تھا کہ پریانتھا کے ساتھ جو بھی ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں