افغانستان کو اکیلا چھوڑنے کے خوفناک نتائج نکلیں گے ، گورنر

افغانستان کو اکیلا چھوڑنے کے خوفناک نتائج نکلیں گے ، گورنر

معاملے پر عدم توجہ سے انسانی بحران پیدا ہوگا، جس پرقابوپانا مشکل ہوجائیگا

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )گور نر پنجاب چودھری سرورنے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں افغانستان کو اکیلا چھوڑنا ایک تاریخی غلطی ہوگی جس کے خوفناک نتائج نکلیں گے ،اگر افغانستان کے اہم معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو وہاں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے جسے قابو کر نا پھر کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے گا ،بر طانیہ سمیت پوری دنیا کو افغان عوام کی غیر مشروط امداد کر نا ہوگی ،مضبوط اور مستحکم افغانستان صرف پاکستان اور خطے ہی نہیں پوری دنیا کے مفاد میں ہے ۔ گور نر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب نے دورہ بر طانیہ کے دوران بر طانوی وزیر زیک گولڈ سمتھ سے لندن میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور بر طانیہ کے تعلقات ، افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔ انہوں نے کہا افغانستان کے یک نکاتی ایجنڈے پر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے ، امت مسلمہ سمیت پوری دنیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ افغانستان کے عوام کو کھانے پینے سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر یں۔ انہوں نے کہا افغان قیادت کے پاس مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہاں خوراک کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے ، اگر بر وقت اقدامات نہ ہوئے تو 22.8 ملین افغان غذائی قلت سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ زیک گولڈ سمتھ نے کہا کہ افغانستان میں انسانیت کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے ،بر طانوی حکومت بھی یقینی طور پر اپنا کردار اد ا کر یگی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں