سیالکوٹ واقعہ :تعزیت کیلئے سری لنکن سفارتخانے جائینگے ،اشرفی

 سیالکوٹ واقعہ :تعزیت کیلئے سری لنکن سفارتخانے جائینگے ،اشرفی

عدلیہ کیلئے ٹیسٹ کیس، سپیڈی ٹرائل کرکے ذمہ داروں کوقرار واقعی سزا دی جائے ، جمعہ کو یوم مذمت ،عوام کو قانون توہین مذہب بارے آگاہی دی جائیگی،پریس کانفرنس

لاہور (نمائندہ دنیا )وزیر اعظم کے مشیر برائے مذہبی امور مولانا طاہر اشرفی نے سانحہ سیالکوٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیس عدلیہ کے لیے ٹیسٹ ہے ، فوری ٹرائل کیا جائے ۔وفاقی وزیر کی سربراہی میں وفد تعزیت کے لیے سری لنکا کے سفارتخانے جائے گا ۔وزیر اعظم کے مشیر برائے مذہبی امور مولانا طاہر اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ پر بطور قوم شرمندہ ہیں، عدلیہ اس کیس کا سپیڈی ٹرائل کرے اور ذمہ داروں کوقرار واقعی سزا دے ۔سانحہ کے ذمہ داروں نے اسلام اور پیغمبر اسلام کے پیغام کو بدنام کیا ۔مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے ذمہ دار 125 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ان میں سے 19 مرکزی ملزم ہیں ۔مقدمہ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سری لنکن منیجر کا قتل مذہبی نہیں بلکہ انتظامی نوعیت کا تھا ، مقتول منیجر فیکٹری ورکرز کو کام چوری سے روکتا تھا،اس قتل کودین سے نہ جوڑا جائے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ جمعۃ المبارک کو یوم مذمت منانے کے ساتھ عوام کو قانون توہین مذہب بارے آگاہی دی جائیگی ۔اس موقع پر فادرجیمزچنن، مولانا رمضان سیالوی، فادرندیم ایبل، سردار سکندرسنگھ، حافظ کاظم رضا،مولانا محمدعلی نقشبندی اور پنڈت بھگت لال بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں