سندھ کلچرل ڈے :ریلیاں،ثقافتی پروگرامز ، گیتوں پر رقص

سندھ کلچرل ڈے :ریلیاں،ثقافتی پروگرامز ، گیتوں پر رقص

شرکا نے سندھی ٹوپی و اجرک پہن رکھی تھی ،طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے

کراچی(سٹاف رپورٹر،نمائندگان دنیا)سندھ میں سندھی کلچر ڈے بھر پور انداز سے منایاگیا ، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی،سندھی کلچر ڈے کے موقع پر شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں، سندھی گیتوں پر رقص کرتے شہری اپنی ثقافت کا اظہار کرتے رہے ، سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد ریلیوں میں شریک تھی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم ثقافت سندھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھی ثقافت قدیم انڈس سولائیزیشن و اسلامی تہذیب کا خوبصورت امتزاج ہے ، سندھ کی ثقافت وادیِ مہران کے لوگوں کی انسان دوستی، ملنساری اور دلیرانہ مزاج کی آئینہ دار ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ یہ دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کا احترام کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم ثقافت سندھ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام ہے ۔ کراچی میں شہر بھر سے ریلیاں کراچی پریس کلب ، گورنر ہاؤس اور وائی ایم سی اے روڈ پہنچیں جہاں پر مختلف اداروں کی جانب سے ثقافتی پروگرامز منعقد کیے گئے تھے ۔ کلچرل پروگرام منعقد کرنے کے حوالے سے سندھی میڈیا گروپ کے دو بھائیوں میں شدید اختلافات کی وجہ سے ایک گروپ کے راستے کنٹیر لگا کر بند کردیئے گئے تھے ، بعد ازاں عوام کی جانب سے کنٹینر ہٹا دیئے گئے ۔سکھرمیں سندھی ثقافت کواجاگر کرنے کے لیے جوگی ہاتھوں میں سانپ اٹھا ئے ریلی ، حیدرآباد میں موٹر سائیکلوں، کاروں اور دیگر گاڑیوں میں سوار نوجوان ،مرد ، خواتین اوربچے شاہراہوں پر گشت کرتے رہے ، سندھ کی ثقافت ٹوپی اجرک اور واسکٹ پہنے نوجوان جگہ جگہ سندھی نغموں پر رقص کرنے کے ساتھ ساتھ سندھ کی حمایت میں نعرے لگارہے تھے ۔ میرپورخاص میں بھی سندھی ثقافت کا دن انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا ۔نواب شاہ، سانگھڑ،ٹنڈوآدم میں سیاسی وسماجی تنظیموں نے مختلف مقامات سے ریلیا ں نکالیں جو علاقائی پریس کلب پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئیں۔ تھرپارکر میں بھی سندھی کلچر ڈے کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں،کندھ کوٹ میں پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران لوگوں نے سندھی نغموں پر رقص کیا ،سیہون شریف اور کنڈیارو میں بھی ثقافتی رنگوں کی بہار رہی، طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ لاڑکانہ،گھوٹکی،جھڈو، ٹھٹھہ،خانپور مہر،میرپور ماتھیلو،روہڑی،پیر جو گوٹھ، پنگریو، سجاول،ٹنڈو محمد خان،پڈعیدن،دولت پور، شاہ پور چاکر، سکرنڈ ، کشموراور لسبیلہ میں بھی سندھی ثقافت کا دن جوش و خروش سے منایا گیا ، شرکا نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہن کر سندھی نغموں پر رقص کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں