افرادی قوت کی فراہمی ، پاکستان اور سعودیہ میں دو معاہدے

افرادی قوت کی فراہمی ، پاکستان اور سعودیہ میں دو معاہدے

معاہدوں سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد کا عمل مزید ہموار ہوگا،دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی سے متعلق دو معاہدے طے پا گئے ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق معاہدوں پر دستخط کی تقریب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی۔ معاہدہ سعودی عرب میں مختلف پیشوں میں پاکستان سے افرادی قوت کی برآمد کے عمل کو مزید ہموار کرنے میں مدد دے گا، جبکہ سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانی کارکنوں کو ان کے جائز حقوق کا تحفظ ، کسی بھی خلاف ورزی پر ریکروٹمنٹ دفاتر، کمپنیوں یا ایجنسیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی میں مدد کرے گا۔ہنر کی تصدیق کے معاہدے سے مملکت کو ہنر مند اور تصدیق شدہ پاکستانی افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ ہوگا۔ معاہدوں پر دستخط سے پاکستان اور سعودی عرب کی مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور تکمیلی تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں