پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی ہمت نہیں، صرف کاغذوں میں ہوگا : بزدار

پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی ہمت نہیں، صرف کاغذوں میں ہوگا : بزدار

شارٹ مارچ کرکے ملک لوٹنے والے لانگ مارچ نہیں کرسکتے ،پہلے اپنی منفی سیاست کیخلاف کریں ، اسلام میں انتہا پسندی جیسی قبیح برائیوں کی کوئی گنجائش نہیں،پاکستان کے امیج کو بے پناہ نقصان پہنچایا

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کا اعلان صرف اعلان ہی رہے گا۔ شارٹ مارچ کرکے ملک کے وسائل لوٹنے والے لانگ مارچ نہیں کرسکتے ۔ پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی ہمت نہیں۔جب سے پی ڈی ایم بنی ہے اس وقت سے عوام لانگ مارچ کا سن سن تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی لانگ مارچ صرف کاغذوں میں ہو گا۔پی ڈی ایم کو چاہیے پہلے اپنی منفی سیاست کے خلاف لانگ مارچ کرے ۔یہ لوگ نہیں چاہتے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے ۔عوام ایسے مسترد شدہ سیاست دانوں کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اسلام امن او رسلامتی کا دین ہے ۔ انتہا پسندی،فرقہ واریت او ردہشت گردی جیسی قبیح برائیوں کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ۔غیر ملکی شہری کو زندہ جلانا گھناؤنا فعل ہے جس پر ہر آنکھ اشکبارہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ میں ملوث عناصر نے پاکستان کے امیج کو بے پناہ نقصان پہنچایاہے اوراس واقعہ سے انسانیت کا سرشرم سے جھک گیا ہے ۔واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اوربربریت کا مظاہرہ کرنے والے درندوں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں