بلوچ عوام کی سکیورٹی کے نام پرتذلیل بندکی جائے ،سراج الحق

بلوچ عوام کی سکیورٹی کے نام پرتذلیل بندکی جائے ،سراج الحق

گوادرملکی ترقی کاگیٹ وے ،مکین پانی کوترس رہے ،ماہی گیروں کاروزگارختم ، لاپتاافرادکامسئلہ حل نہیں ہوا،وزیراعظم خاموش ہیں،گوادر دھرنے سے خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ،بلوچ عوام کی سکیورٹی کے نام پرتذلیل بندکی جائے ۔گوادرملکی ترقی کاگیٹ وے ہے ،جبکہ اس کے مکین پانی کوترس رہے ہیں اورماہی گیروں کاروزگارختم ہوگیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ا نہوں نے کہا اپنے ہی لوگوں کی جگہ جگہ تلاشی کہاں کا انصاف ہے ۔ گوادر کے رہائشی ایک ماہ سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں،گونگے بہرے حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں۔گوادر کوملک کی ترقی کا گیٹ وے کہا جاتا ہے مگر مقامی آبادی پینے کے پانی تک کو ترس رہی ہے ۔ ساحلی علاقے میں مچھلی کا غیر قانونی شکار بند کروایا جائے ۔ مقامی ماہی گیروں کا روزگار ختم ہوگیا،بچے بھوکے سوتے ہیں،باہر سے آنے والے کروڑں کمارہے ہیں۔سرحدی تجارت پر پابندی اٹھائی جائے ، حکومت کے پاس کوئی متبادل ہے تو علاقہ مکینوں سے شیئرکرے ۔ حکمرانوں کو بلوچوں سے بات کرنی ہوگی، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے ۔لاپتا افراد کا مسئلہ سالوں سے حل نہیں ہوا،والدین اپنے پیاروں کی شکلیں دیکھنے کو ترس گئے ۔عمران خان سب سے زیادہ گم شدہ افرادکی بات کرتے تھے ،مگر اب خاموش ہیں۔ واضح کرنا چاہتا ہوں ‘‘گوادر کو حق دو تحریک’’سی پیک کے خلاف نہیں،کوئی پاگل ہی ہوگا جو ترقی کی مخالفت کرے گا۔ سی پیک میں تعطل کی وجہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں