سیالکوٹ واقعہ : انتہائی مطلوب ملزم گرفتار، 26 عدالت پیش، 15روزہ جسمانی ریمانڈ
امتیاز عرف بلی لاش پرپٹرول چھڑکنے میں ملوث، مزید7گرفتار،پریانتھا کی میت سری لنکا پہنچ گئی،اعزاز کیساتھ روانگی ، شیخ رشید،پی ٹی آئی وفد کی سری لنکن ہائی کمشنرسے ملاقات ،اظہارتعزیت،تعلقات متاثر نہیں ہونگے ،موہن وجے کمار
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، اسلام آباد (سیاسی رپورٹرسے ،خبرنگارسے ، سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر)سیالکوٹ واقعہ میں ہجوم کے تشدد سے ہلاک ہونے والے فیکٹری منیجرسری لنکن شہری کی میت سوموار کے روز کولمبو پہنچ گئی،ادھر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 ملزموں کو تفتیش کے لئے 15 روزہ جسمانی ریمانڈپرپولیس کے حوالے کردیا،علاوہ ازیں مزید ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں،گذشتہ روز پولیس نے انتہائی مطلوب ملزم سمیتمزید 8 کو گرفتار کرلیا، جس سے کل تعداد132ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے شہری پریانتھاکمارا کی میت کو علامہ اقبال ایئر پورٹ لاہور سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر اعجاز عالم نے پریانتھا کمارا کی میت کوسرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکن ایئرلائن یوایل 186کے ذریعے رخصت کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی،سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ،محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام اور سری لنکن ہائی کمیشن کے عہدیداران بھی اس موقع پرموجود تھے ۔پولیس نے اتوار اورسوموار کی رات سری لنکن باشندے کی لاش سری لنکن حکام کے حوالے کر دی تھی، جو ایئرپورٹ کے کارگو سیکشن میں رکھی گئی تھی،آخری اطلاعات کے مطابق پرواز شام پانچ بجے کولمبو پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز واقعہ میں ملوث 26ملزموں کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزموں محمد جنید ، راحیل امجد، محمد طلحہ،تیمور احمد، شاہزیب ،محمد فرحان ، ناصر محمود ، محمد شعیب ، عبدالرحمن ،احتشام ، احمد شہزاد ،محمد ریاض ،عبدالغفور ،معظم عباس ، رہبر ، محمد عبداللہ ،حسنین علی ، محمد شہزاد، محمد راشد ، محمد لقمان، غلام عباس ،منان علی ،سکندر الیاس ،محمد شان ، بلال احمد اور شہریار کو سخت سکیورٹی میں جج نتاشہ نسیم سپر ا کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا،عدالت نے پولیس کی درخواست پر ملزموں کا 15روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کرتے ہوئے انہیں 21دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔مزید برآں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پرپنجاب پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اورموبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے چھاپے مار کرمزید8مرکزی ملزمان کو حراست میں لیا، مرکزی و انتہائی مطلوب ملزم امتیاز عرف بلی بھی گرفتارہوگیا، ملزم سری لنکن منیجر پر تشدد کرنے اورلاش پرپٹرول چھڑک کرآگ لگانے میں ملوث ہے ۔اسکی گرفتاری کے لیے پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے مگر وہ ہر بار اپنا ٹھکانہ تبدیل کرلیتا تھا۔ملزم کو راولپنڈی جانے والی بس سے گرفتار کیا گیا۔ ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سری لنکن ہائی کمیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے کرما سے ملاقات کی،وفاقی وزیر داخلہ نے ٹویٹر پر بتایا کہ انہوں نے سری لنکا کے ہائی کمیشن میں سیالکوٹ فیکٹری حادثہ میں سری لنکا کے شہری پریانتھا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا اور افسوسناک واقعے پرحکومت ، پاکستانی عوام کی طرف سے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریانتھا کی افسوسناک موت پر پاکستانی عوام سوگوار ہے ۔ حکومت اور پاکستانی عوام ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث تمام مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائینگے اور تمام ملزموں کو حکومت مثالی سزا دلائے گی۔اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ پریانتھا کی ہلاکت پر حکومت اور پاکستانی عوام کے ردعمل پر بہت مطمئن ہیں، افسوسناک حادثے پر عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، حالیہ واقعے سے متاثر نہیں ہونگے ۔ لاش سرکاری اعزاز کے ساتھ سری لنکا رخصت کرنے پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں ، ادھر پریانتھا کمارا کے بھائی کمال کمارا نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے وزیر اعظم پاکستان حملہ آوروں کے خلاف سنجیدہ اقدام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں سے کہوں گا، ایسے غیر انسانی حملے مت کرو، ہم سب انسان ہیں۔