کراچی :مبینہ مقابلے میں طالبعلم جاں بحق، دوست زخمی

 کراچی :مبینہ مقابلے میں طالبعلم جاں بحق، دوست زخمی

اہل خانہ کا احتجاج ،اعلیٰ افسران نے عباسی شہید ہسپتال پہنچ کر اہلکار کو گرفتار کر لیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلے میں انٹر کے طالب علم کو ہلاک، جب کہ اس کے دوست کو شدیدزخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے اورنگی ٹاؤن پونے پانچ نمبر میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک، جب کہ اس کے ساتھی کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا اور ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔اسی دوران عباسی شہید اسپتال میں زخمی یاسررسول نے پہنچ کر اپنے گھر والوں کو اطلاع دی کہ پولیس نے جعلی مقابلے میں دوست ارسلان ولد لیاقت مسعود کو مار ڈالا اور مجھے زخمی کر دیا۔ گھر والوں نے اسپتال پہنچ کر احتجاج شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے ۔ ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کے حکم فائرنگ کرنے والے اہلکار توحید کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے مقابلے کی تفتیش کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں