اے پی سی:ایم کیو ایم وفد کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری اے پی سی میں شرکت کی دعوت
سندھ حکومت کی جانب سے منظور کردہ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے 11 دسمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے منظور کردہ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے 11 دسمبر کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے جماعت اسلامی، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر جا کر ان کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ خواجہ اظہار الحسن، کنور نوید جمیل و دیگر نے ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ حکومت سندھ جو بل لائی ہے اس پر جو ہمارا نقطہ نظر ہے وہی تقریباً جماعت اسلامی کا بھی ہے ، اس لیے ہم اپنی اے پی سی کا دعوت نامہ لے کر آئیں ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے ۔ دوسری جانب رابطہ کمیٹی کے رکن و وفاقی وزیر امین الحق نے پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے دفتر جا کر بشارت مرزاسے ملاقات کی۔رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے دفتر مردان ہاؤس میں شاہی سیدسے ملاقات کی۔