مقبوضہ کشمیر،وزیرخارجہ کے صدر وسیکرٹری جنرل یواین کو خطوط

مقبوضہ کشمیر،وزیرخارجہ کے صدر وسیکرٹری جنرل یواین کو خطوط

مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال،غیرذمہ دارانہ بھارتی رویے سے آگاہ کیا ، پاکستان تنازع کے حل کیلئے کام کوتیار،بھارت سازگار ماحول پیدا کرے

اسلام آباد (وقائع نگار) بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین صورتحال سے متعلق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھ دئیے ہیں ۔ اپنے خط میں وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق اور انسانی صورتحال اور ہندوستان کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کے ساتھ ساتھ 'فالس فلیگ' کی کارروائیوں پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے جو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقہ کار کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ظلم کو روکنے ، تنازعات سے گریز کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پرامن تصفیے کو سمجھنے کے لیے تعمیری طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے ۔ تاہم ذمہ داری بھارت پر ہے کہ و سازگار ماحول پیدا کرے ، وزیر خارجہ کا یہ تازہ خط اگست 2019 سے پاکستان کے باقاعدہ رابطے کے تسلسل میں ہے تاکہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال سے پوری طرح آگاہ کیا جا سکے اور سلامتی کونسل کو جموں کے پرامن اور منصفانہ حل کو یقینی بنانے کے لیے اس کی ذمہ داری یاد دلائی جا سکے اور مسئلہ کشمیر اپنی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں