سی پیک کے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ،چینی قونصل جنرل

سی پیک کے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ،چینی قونصل جنرل

آئی ٹی اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھایا جاسکتا ، کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں،لی بیجیان

کراچی(اے پی پی)کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بیجیان نے کہا ہے کہ سی پیک پاک چین دوستی کا اہم جز ہے جس کے بیشتر منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔پاکستان کے کم آمدنی والے طبقے کے حالات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے لیکن کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ چین کے قونصل جنرل نے مزید کہا کہ آئی ٹی اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھایا جاسکتا ، سی پیک کی وجہ سے گوادر کی خطہ میں اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ۔ایئر پورٹ، ٹریننگ سینٹر، گوادر پورٹ سمیت متعدد منصوبوں میں چین نے سرمایہ کاری کی ہے ۔ خوشی ہے کہ سی پیک کے باعث پاکستان میں بجلی کے بحران کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایئر پورٹ کا ترقیاتی کام 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے ، امید ہے کہ 2023 تک گوادر ایئر پورٹ آپریشن کا آغاز کر دیگا۔ لی بیجیان نے کہا کہ چین میں 50 کروڑ کی آبادی مڈل کلاس ہے جو پاکستان کیلئے بڑی مارکیٹ ثابت ہوسکتے ہیں۔ پاکستان چین کو پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات کر سکتا ہے جبکہ چین میں چاول، مچھلی سمیت سمندری غذا کی بڑی مارکیٹ موجود ہے جس سے پاکستان کے ایکسپورٹرز بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں