کلثوم ، شہباز شریف کیخلاف ایف بی آر کی اپیلیں خارج
مرحومہ اور صدر ن لیگ نے 94ء سے 98ء تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا، سپریم کورٹ
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز اور قومی ا سمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس بارے ایف بی آر کی دائر اپیلیں خارج کر دیں اور قرار دیا کہ ایف بی آر مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف کو ڈیمانڈ نوٹس بھجوانا ثابت نہیں کر سکا۔ واضح رہے کہ شریف خاندان نے ایف بی آر کے نوٹسز لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیے تھے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے اضافی ٹیکس نوٹسز کالعدم قرار دیئے تو ایف بی آر نے یہ فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ عدالت نے ایف بی آر کی دائر اپیلیں خارج کر تے ہوئے قرار دیا کہ مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف نے 1994 سے 1998 تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا،ایف بی آر نے انہیں اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے نوٹسز جاری کیے ،اضافی واجبات کے نوٹسز بھی ویلتھ ٹیکس جمع کرانے کے بعد بھیجے گئے ، اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے ڈیمانڈ نوٹس دیا جانا ضروری ہے ،ایف بی آر ڈیمانڈ نوٹس بھجوانا ثابت نہیں کر سکا۔ واضح رہے کہ شریف خاندان نے ایف بی آر کے نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دئیے تھے ، جنہیں لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔