بھارت بابری مسجدکی جگہ مندرکی تعمیرروکے :پاکستان
بابری مسجدکی شہادت مسلم ورثے کیخلاف ریاستی نفرت کی یاددلاتی ہے
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اوردوسری عالمی تنظیموں پر زوردیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو ہندوتوا انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھارت پر دبا ئو ڈالے اورتمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کاتحفظ یقینی بنائے ۔دفترخارجہ نے مودی سرکار پرزوردیتے ہوئے کہابھارت بابری مسجدکی جگہ مندرکی تعمیرروکے ،بابری مسجدکی شہادت مسلم ورثے کیخلاف ریاستی نفرت کی یاددلاتی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے کارندوں کی جانب سے بابری مسجد کو شہید کرنے کے المناک واقعے کو 29 برس مکمل ہونے کے موقع پر دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ عالمی اداروں کو بھارت کے اندر تمام اقلیتوں اور ان کے مقدس مقامات کا موثر طورپر تحفظ یقینی بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 29 برس قبل بھارت میں مسلمانوں اور ان کے ورثے کیخلاف ریاستی سرپرستی میں نفرت کی یاد دلاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کو شہید کرنے کے دل گرفتہ مناظر ابھی تک ناصرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں بلکہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ بابری مسجد کی جگہ پرمندر کی غیرقانونی تعمیر رکوانے کیلئے فوری اقدامات کرے ، بابر ی مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے ۔