سلامتی کمیٹی :شاہ محمود،فواد سمیت وزرا،وزرائے اعلیٰ غائب
شیخ رشید ، علی محمد اجلاس ادھورا چھوڑ گئے ،سائرہ بانو کا طنز،حکومت ناراض
اسلام آباد (سیاسی رپورٹر )عسکری قیادت کی عدم شرکت سے پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کو حکومت اور اپوزیشن دونوں نے سنجیدہ نہیں لیا، متحدہ اپوزیشن نے پہلے ہی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا ، اسی طرح وفاقی وزرا ،شاہ محمود قریشی ،فواد چودھری، پرویز خٹک،شوکت ترین، اسد عمر ، طارق بشیر چیمہ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،چاروں وزرا ئے اعلیٰ اوروزیر اعظم آزاد کشمیر نے شرکت نہیں کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اورعلی محمد خان نے پورا سیشن اٹینڈ نہیں کیا ، وزیر اعظم ا ٓفس میں اہم اجلاس میں شرکت کے لئے یہ اجلاس ادھورا چھوڑ کر چلے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بیلجیئم کے دورے پر ہیں۔ وزیر خزانہ شوکت ترین سینیٹ الیکشن کے لئے سکروٹنی کے عمل سے گزر رہے ہیں وہ اس سلسلے میں پشاور میں تھے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک جنھیں خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا تھا وہ اپنے آبائی حلقہ نوشہرہ میں مصروف تھے ۔ چیف منسٹر گلگت بلتستان اجلاس کے آخر میں تھوڑی دیر کے لئے شریک ہوئے ۔ ق لیگ سے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے اپنی جگہ سینیٹر کامل علی آغا کو بھیجا ۔ حکومتی اتحادی ایم کیو ایم سے خالد مقبول صدیقی ، جی ڈی اے سے غوث بخش مہر اور ایم این اے سائرہ بانو نے نمائندگی کی۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس مجموعی طور پر غیر سنجیدگی کا مظہر تھا۔ شریک ارکان پارلیمنٹ اجلاس میں آتے جاتے رہے ، ڈاکٹر معید یوسف کی بریفنگ کے دوران بھی نظم و ضبط کی شدید کمی محسوس کی گئی۔ ایک رکن پارلیمنٹ نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر نے کوئی ایک ایسی بات نہیں بتائی جس کا ہمیں پہلے سے علم نہ ہو، جو کچھ روزانہ اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز پر پڑھ اور سن چکے ہیں وہی بتایا گیا۔ جی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو نے میڈیا سے طنزیہ گفتگو میں کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ رات کو سونے سے پہلے گیس ہیٹر بند کریں، کھانے پینے کی چیزیں ڈھانپ کر رکھیں ، ادویات بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں، وغیرہ وغیرہ۔ خاتون رکن اسمبلی کی گفتگو کی ویڈیو وائرل ہونے پر حکومت ، اتحادی جماعت جی ڈی اے سے ناراض ہو گئی ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تخفیف غربت جس کا آج بروز منگل اجلاس ہونا تھا ، چیف وہپ عامر ڈوگر نے ملتوی کرادیا ہے ۔ یہ کمیٹی جی ڈی اے کے حصے میں آئی تھی اور جی ڈی اے نے کمیٹی چیئر پرسن کے لئے سائرہ بانو کا نام تجویز کیا تھا۔