علی امین گنڈا پور کا جلسہ ، الیکشن کمیشن کا نوٹس ،آج طلب
صوبائی وزیر کامران بنگش اور ایم پی اے احمد کریم کنڈی کو بھی طلبی کا نوٹس ، بلدیاتی انتخابات کی شفافیت، غیرجانبداری کو یقینی بنایا جائیگا :الیکشن کمیشن
اسلام آباد (وقائع نگار) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل میں جلسہ کرنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان نے وفاقی وزیر کو آج شام 4بجے پیش ہونے کانوٹس دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن اس کیس کی مکمل مانیٹرنگ کر رہا ہے اور صوبہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی شفافیت اور غیر جانبداری یقینی بنائے گا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیرتعلیم کامران بنگش اور احمد کریم کنڈی ایم پی اے کی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرچارسدہ نے کامران بنگش کو ضلع چارسدہ میں افتتاحی تقریب میں شمولیت اور خطاب کرنے پر جمعرات 9 دسمبر 2021 کو دن 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کانوٹس دیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈی آئی خان نے احمد کریم کنڈی کو 5دسمبر2021 کو انتخابی جلسے میں شرکت اور انتخابی دفتر کا افتتاح کرنے پر نوٹس دیا اور 7دسمبر 2021 کو دوپہر 2 بجے ذاتی حیثیت میں اپنے دفتر میں طلب کیا ہے ۔